پولیس شہداء ویلفیئر فلنگ اسٹیشن سے متعلق سوشل میڈیا پراپیگنڈے کی تردید، شفاف بڈنگ اور آمدن شہداء و غازیوں کیلئے مختص

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)پولیس شہداء ویلفیئر فلنگ اسٹیشن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والے بے بنیاد پراپیگنڈے کی تردید کر دی گئی ہے پولیس حکام کے مطابق فلنگ اسٹیشن کا قیام پولیس ویلفیئر رولز کے تحت ضلعی مینجمنٹ کمیٹی کی نگرانی میں اوپن بڈنگ کے ذریعے کیا گیا، اور یہ معاہدہ PPRA رولز کے مطابق شفاف طریقے سے سب سے زیادہ بولی دینے والی کمپنی شیل پاکستان کو دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس فلنگ اسٹیشن سے حاصل ہونے والی مکمل آمدن پولیس شہداء کی فیملیز اور غازیوں کے لیے مختص ہے۔ ہر ماہ 122 شہداء کے اہل خانہ کو 15 ہزار روپے بذریعہ کراس چیک فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ شدید زخمی یا مستقل علاج کے محتاج غازیوں کو 10 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں بیان میں مزید کہا گیا کہ کچہری چوک ری ماڈلنگ کے دوران معاہدے کے تحت واجبات کی عدم ادائیگی پر مینیجر عادل اکرام کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، جبکہ شیل پاکستان کو بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ فرد کی ڈیلرشپ ختم کر کے پمپ کو کمپنی اونڈ، کمپنی آپریٹڈ (COCO) کے طور پر چلایا جائے۔

راولپنڈی پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے پر جھوٹی اور بے بنیاد معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔