اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ایران، امریکہ جنگ بندی اور خطے کے دیگر اہم معاملات میں فعال کردار کے باعث پاکستان معتبر طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے، پاک امریکا تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے، دنیا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ڈپلومیسی کی معترف ہوگئی، امریکی جریدے فارن پالیسی کے مطابق صرف دو سال پہلے تک بھی امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات میں پاکستان کا کردار ناقابلِ تصور تھا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واشنگٹن میں پاکستان کی ساکھ مضبوط اور سفارتی حیثیت مؤثر بنائی۔
فارن پالیسی کے مطابق سید عاصم منیر ٹرمپ سے روابط اور ایران ثالثی سمیت پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کے مرکزی کردار بن کر ابھرے، سید عاصم منیر نے خود کو طاقت کے مرکز کے طور پرمنوایا، ٹرمپ نے انہیں ’’میرا پسندیدہ فیلڈ مارشل‘‘ قرار دیا، امریکی جریدہ کے مطابق پاکستانی قیادت نے پاک بھارت جنگ بندی میں پیشرفت کا کریڈٹ ٹرمپ کو دے کرسیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا، ایران امریکہ جنگ بندی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ٹرمپ اوردیگر عالمی رہنماوں سے رابطوں پرمشتمل سفارتی مہم کی قیادت کی۔
فارن پالیسی کے مطابق پاکستان نے ایران، امریکہ، چین اور خطے کی بڑی طاقتوں کے درمیان اپنی جغرافیائی حکمت عملی کی صلاحیت کو نمایاں کیا ہے، ماہرین کی رائے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فیصلہ سازی، واضح وژن اور مضبوط سمت پر مبنی ہے، جس نے ریاستی ترجیحات کو زیادہ مربوط اور مؤثر بنایا ہے، عسکری قیادت کی اسی منظم حکمتِ عملی کے نتیجے میں پاکستان کی سفارتی پوزیشن میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی سطح پر اس کا کردار زیادہ مستحکم ہوا ہے۔

