احتجاج کی آڑ میں پاکستان مخالف پروپیگنڈہ ناکام، حریت کانفرنس کا پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل عزم کا اعادہ

مظفر آباد (بیورو رپورٹ) احتجاج کی آڑ میں پاکستان مخالف بیانیہ پھیلانے کی کوشش ناکام، آزاد کشمیر کی سڑکوں پر مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی سازش بے نقاب ہو گئی، حریت کانفرنس نے دو ٹوک موقف اختیار کیا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، چند شرپسند عناصر آزاد کشمیر میں انتشار پھیلا کر دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔

حریت قیادت کا کہنا ہے کہ پاکستان مخالف نعرے کشمیریوں کی نمائندگی نہیں کرتے، آئینی و قانونی معاملات سڑکوں پر نہیں، متعلقہ فورمز پر حل ہوتے ہیں، حریت رہنما نے کہا کہ کشمیر میں چند عناصر کے اقدامات سے کشمیر کاز متاثر ہونے کا خدشہ ہے، حریت کانفرنس نے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو کشمیری عوام کے مؤقف کے منافی قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش رہنے والے آج پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں، کشمیری عوام پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، حریت رہنما نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا، پاکستان اور کشمیر کا رشتہ ناقابلِ تسخیر ہے، دشمن قوتیں آزاد کشمیر میں بے چینی پیدا کر کے کشمیر کاز کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام حریت پسند جماعتیں پاکستان کے ساتھ ہیں، انہوں پاکستان مخالف عناصر سے لاتعلقی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان مخالف مہم دراصل بھارتی بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے، حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی حمایت اور سفارتی کوششوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔