پاکستان اور اسپین کے درمیان توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق، پاور سیکٹر اصلاحات اور سرمایہ کاری پر بات چیت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے پاکستان میں اسپین کے سفیر کارلوس آراگون کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی ہسپانوی وفد نے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری کے مواقع اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ہسپانوی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران ہمیشہ ایک مثبت اور تعمیری سفارتی رویہ اختیار کیا ہے، وفاقی وزیر توانائی نے وفد کو پاور سیکٹر میں جاری جامع اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت گزشتہ دو برسوں میں توانائی کے شعبے کے ڈھانچے میں نمایاں بہتری کے لیے متعدد اقدامات کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی پیداواری صلاحیت کے مسئلے پر قابو پانے کے بعد حکومت اب ایک جدید مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی جانب بڑھ رہی ہے، جہاں بجلی کی خرید و فروخت براہِ راست کاروباری اداروں کے درمیان ممکن ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل شروع کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو بھی مرحلہ وار اس عمل میں شامل کیا جائے گا، سردار اویس لغاری نے وفد کو ٹرانسمیشن سسٹم کی اپ گریڈیشن، گرڈ ڈیجیٹائزیشن، بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز اور جدید میٹرنگ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 16 ملین بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، جو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے تحت جلد ہی تحقیق، ترقی اور جدت پر مبنی ایک خصوصی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے نوجوان انجینئرز اور ماہرین کو اپنے آئیڈیاز پیش کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ قابل عمل منصوبوں کو خصوصی انعامات اور عملی حمایت فراہم کی جائے گی، اس موقع پر سفیر کارلوس آراگون نے پاکستان کے توانائی شعبے میں جاری اصلاحات میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپین کی کمپنیاں عالمی سطح پر توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور متعلقہ انفراسٹرکچر کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہارت پاکستان کے ٹرانسمیشن اور میٹرنگ سسٹم کی جدید کاری میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے ہسپانوی کمپنیوں کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ تکنیکی ادارے ان کی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور تعاون کے عملی امکانات کو آگے بڑھایا جائے گا، ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون، معلومات کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو عملی شکل دینے کے لیے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔