اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت کی پارلیمنٹ ہاؤس میں اہم مشاورت مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی اعلیٰ قیادت نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں شاہ غلام قادر کی سربراہی میں ایک وفد نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی، وفد میں چوہدری طارق فاروق، مشتاق منہاس، افتخار گیلانی اور نجیب نقی سمیت دیگر رہنما بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال، آئندہ عام انتخابات اور پارٹی کی انتخابی تیاریوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی، شاہ غلام قادر نے وفاقی وزیر کو آزاد کشمیر کی تازہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن شیڈول میں ممکنہ تاخیر پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مؤقف کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے تحفظات بھی زیر بحث آئے، اس کے ساتھ ساتھ کل ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی جانب سے ٹکٹوں کے اعلان کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، اور ابتدائی مرحلے میں 32 حلقوں کے لیے امیدواروں کا اعلان متوقع ہے، اجلاس میں خالق وصی، سردار فرحان اعظم، اسد علیم شاہ اور ذوالفقار ملک سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے، پارٹی قیادت نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر آئندہ حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

