ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ متعارف، صارفین کے لیے شفافیت اور سہولت میں اضافہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاور ڈویژن نے صارفین کو ریلیف اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ متعارف کرا دیا ہے۔

وزارتِ توانائی کی ہدایت پر تمام ڈسکوز (بجلی تقسیم کار کمپنیوں) نے نئے ڈیزائن کے حامل بجلی کے بل جاری کرنا شروع کر دیے ہیں، نئے فارمیٹ کا مقصد صارفین کے لیے بل کو زیادہ قابلِ فہم، شفاف اور سہل بنانا ہے تاکہ وہ اپنی بجلی کی کھپت، بلنگ کی تفصیلات اور ادائیگی سے متعلق معلومات آسانی سے سمجھ سکیں۔

پاور ڈویژن کے مطابق صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات اور تجاویز کی روشنی میں بل کے فارمیٹ کو مکمل طور پر ازسرِنو ترتیب دیا گیا ہے، پرانے بل میں غیر ضروری معلومات، پیچیدہ ترتیب اور تکنیکی اصطلاحات کی بھرمار کے باعث عام صارفین کو بل سمجھنے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔

نئے ڈیزائن میں قابلِ ادائیگی رقم، مقررہ تاریخ، یونٹس کی کھپت اور دیگر اہم معلومات کو نمایاں انداز میں درج کیا گیا ہے، جبکہ معلومات کو منظم اور سادہ ترتیب میں پیش کیا گیا ہے تاکہ صارف ایک نظر میں اپنی مکمل بلنگ صورتحال کا جائزہ لے سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے بل میں بصری پیچیدگی کو بھی کم کیا گیا ہے، جس سے یہ تمام طبقوں کے صارفین کے لیے زیادہ قابلِ فہم اور آسان بن گیا ہے، اس کے علاوہ جدید سہولت کے تحت بلوں میں کیو آر کوڈ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اضافی معلومات اور مختلف ڈیجیٹل سروسز تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔

پاور ڈویژن کے مطابق نئے بجلی بلوں کی تیاری صارفین، ماہرین اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے، وزارتِ توانائی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاور سیکٹر میں شفافیت، بہتر خدمات اور اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔