چلاس میں پیپلز پارٹی کے احتجاج کے باعث شاہراہِ قراقرم بند، گلگت بلتستان کا ملک سے زمینی رابطہ منقطع

چلاس (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عطا اللہ کے حامیوں کا انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج بدستور جاری ہے، پولیس ذرائع کے مطابق مظاہرین نے بٹوگاہ پل سے زیرو پوائنٹ تک متعدد مقامات پر شاہراہِ قراقرم پر پتھر رکھ کر ٹریفک معطل کر رکھی ہے، احتجاجی مظاہرین کے دھرنے کے باعث بابوسر روڈ بھی ٹریفک کے لئے معطل ہے جبکہ شاہراہِ قراقرم کی بندش سے گلگت بلتستان کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہے۔

احتجاج کے دوران سینکڑوں گاڑیوں میں ہزاروں مسافر اور سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے، خواتین، بچے اور بزرگ مسافر شدید مشکلات اور سفری اذیت کا شکار ہیں جبکہ شاہراہِ قراقرم کی بندش سے اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ فارم 49 اور پوسٹل بیلٹس کی گنتی کے بغیر کامیابی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، مظاہرین نے کہا ہے کہ شفاف پوسٹل بیلٹ پیپر کی گنتی اور فارم 47 کی بنیاد پر کامیاب قرار دینے کی نوٹیفکیشن کی واپسی تک دھرنا جاری رہے گا۔