اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) امریکہ ایران جنگ کو ختم کرنے کیلئے پاکستانی قیادت کے شاندار کردار نے پاکستان کو دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا دیا، عالمی جریدہ بلومبرگ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ثالث سب سے پہلے امریکہ ایران جنگ بندی معاہدہ کا اعلان کیا، پاکستانی وزیراعظم اور عسکری قیادت امریکہ ایران جنگ رکوانے کیلئے مرکزی شخصیات کے طور پر ابھرے۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستان نے ایرانی قیادت سے ملاقات، اسلام آباد امن مذاکرات اور مشکل ترین سفارتکاری سے امن کا راستہ ہموار کیا، عالمی جریدہ کے مطابق ٹرمپ نے ذاتی طور پر پاکستان کے عسکری سربراہ کو پسندیدہ فیلڈ مارشل قرار دیا، پاکستانی قیادت کی امریکہ اور ایران سے بہترین ہم آہنگی نے پاکستان کو ثالثی کے کردار کیلئے سب سے موزوں بنایا۔
سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اسٹیفن پاؤنڈ نے پاکستان کی کامیاب ثالثی کو عالمی منظر نامے میں اہم ترین کامیابی قرار دے دیا، امریکی محکمہ دفاع کے سابق اہلکار کرسٹوفر کلیری نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک بااثر سفارتی اور فوجی کھلاڑی بن چکا ہے، دنیا کو تیسری ممکنہ عالمی جنگ کے دہانے سے واپس لانے کیلئے پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کی کاوشوں نے پاکستان کا وقار بلند کر دیا۔

