اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری کی ترکیہ کے وزیر توانائی اور قدرتی وسائل سے ملاقات ، وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری جناب محمد علی نے گزشتہ روز انقرہ میں توانائی اور قدرتی وسائل کی وزارت کے دورے کے دوران جمہوریہ ترکیہ کے وزیر برائے توانائی اور قدرتی وسائل کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی۔
دونوں وزراء نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، بات چیت میں اسٹریٹجک شراکت داری کے پنپنے ، نجی شعبے کی شراکت کو فروغ دینے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ترقی کے تجربات سے استفادہ کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ۔

اس ملاقات نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کی اور اس میں باہمی منفعت کے لیے اقتصادی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا ، وزیراعظم کے مشیر نے توانائی کے شعبے میں ترکیہ کی کامیابیوں کو سراہا اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا، دونوں اطراف نے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے اور مستقبل میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

