اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو شہریوں سے اضافی ٹول ٹیکس وصول کرنے سے روک دیا ہے اور اس حوالے سے اہم حکم امتناع جاری کر دیا ہے، عدالت نے نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس ایم ٹیگ رکھنے والے شہریوں سے 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس لینے کے نوٹیفکیشن کو آئندہ سماعت تک معطل کر دیا ہے۔
یہ حکم اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے جاری کیا, عدالت نے اپنے ریمارکس میں متعلقہ نوٹیفکیشن پر سوالات اٹھاتے ہوئے این ایچ اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ محمد جلال حیدر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اضافی ٹول ٹیکس شہریوں پر غیر ضروری بوجھ ہے اور اس کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت تک حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔

