وفاقی کابینہ نے 2027 سے 2030 تک چار سالہ حج پالیسی منظور کر لی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 2027 سے 2030 تک کی حج پالیسی اور پلان کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں وفاقی کابینہ کو نئی حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ ماضی کی ایک سالہ حج پالیسیوں کے برعکس یہ پہلی 4 سالہ حج پالیسی اور پلان ہے۔

اس 4 سالہ حج پالیسی کا مقصد طویل مدتی منصوبہ بندی، حج آپریشنز میں بہتری اور عازمینِ حج کو زیادہ مؤثر اور بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، وفاقی کابینہ نے رواں برس بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزارتِ مذہبی امور کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، اعلامیے کے مطابق نئی پالیسی پر عملدرآمد کے لیے معیاری طریقہ کار (SOPs) اور دیگر ضروری ضوابط مرتب کیے جائیں گے، سعودی عرب کے قوانین اور ضوابط سے ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر پالیسی میں مناسب ترامیم بھی کی جا سکیں گی۔