ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی، ہیٹ اسٹروک کے خطرے پر محکمہ موسمیات کا الرٹ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ سٹروک کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا، محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، کوئٹہ، بہاولنگر، ڈی آئی خان اور جوہرآباد میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ان شہروں میں ہیٹ انڈیکس 54 ڈگری سے زائد محسوس کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سرگودھا میں درجہ حرارت 40.5 ڈگری جبکہ محسوس درجہ حرارت 52.8 ڈگری تک پہنچ گیا، گوجرانوالہ اور کوٹ ادو میں محسوس درجہ حرارت 52.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ، اوکاڑہ میں درجہ حرارت 40.5 ڈگری اور ہیٹ انڈیکس 51.5 ڈگری، اٹک میں درجہ حرارت 38 ڈگری اور محسوس درجہ حرارت 49.8 ڈگری رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں درجہ حرارت 38 ڈگری، محسوس درجہ حرارت 49.2 ڈگری، فیصل آباد میں درجہ حرارت 40 ڈگری اور محسوس درجہ حرارت 48.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

سیالکوٹ میں درجہ حرارت 36 ڈگری جبکہ نمی کا تناسب 58 فیصد، حیدرآباد میں درجہ حرارت 38 ڈگری اور محسوس درجہ حرارت 45.9 ڈگری جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 33 ڈگری اور محسوس درجہ حرارت 38.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ انڈیکس زیادہ ہونے کے باعث ہیٹ اسٹروک کا شدید خطرہ ہے، عوام اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔