ایف آئی اے کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑا کریک ڈاؤن، چار مسافر آف لوڈ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ائرپورٹ نے سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران فلائی جناح فلائٹ نمبر 9P700 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے والے چار مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ ایک مسافر کو اس سے قبل ترکی میں غیر قانونی داخلے پر ڈیپورٹ کیا جا چکا ہے۔ مزید برآں دو مسافروں کے قبضے سے آذربائیجان کے وزٹ ویزے بھی برآمد ہوئے جس نے غیر قانونی مائیگریشن کے شبہ کو مزید تقویت دی۔

مسافروں کے موبائل فونز کی فرانزک جانچ سے انکشاف ہوا کہ دو مسافر اپنی والدہ کو عمرہ کروانے کے بہانے سعودی عرب لے جا رہے تھے جس کے بعد والدہ کو واپس پاکستان بھیجنا تھا جبکہ وہ خود یورپ کی طرف غیر قانونی سفر جاری رکھنا چاہتے تھے۔

چیٹ ریکارڈ سے انکشاف ہوا کہ مسافر باکو – سربیا روٹ کے ذریعے یورپ پہنچنے کا منصوبہ رکھتے تھے اور انسانی سمگلنگ نیٹ ورک کے ایجنٹس کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔ آذربائیجان کے وزٹ ویزوں کی برآمدگی نے بھی انسانی سمگلنگ نیٹ ورک سے ان کے تعلق کو مزید ثابت کیا ، مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔