پوتن اور بحرینی ولی عہد کا پاکستان کو یومِ آزادی پر مبارکباد کا پیغام

ماسکو (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور بحرینی ولی عہد سلمان بن حمد نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی قوم کے نام تہنیتی پیغام پیش کیا ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے عوام کے لیے امن ،خوشحالی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ، روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں، دونوں ممالک سیاسی، تجارتی، اقتصادی، انسانی ہمدردی اور دیگر شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس اور پاکستان کے مابین اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی باہمی تعاون جاری ہے، یقین ہے کہ دونوں ملک اپنے عوام کے باہمی مفاد میں دوطرفہ شراکت داری کے تمام شعبوں کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

ادھر بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ نے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد دی ، شہزادہ سلمان بن حمد نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بھی یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام پیش کیا۔