اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ڈی چوک پر منعقد ہونے والے سٹی پریڈ ایونٹ میں سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے مبینہ ناقص انتظامات کے باعث شہریوں اور فیملیز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے منعقد کیے جانے والے ایونٹ میں شہریوں کے لیے بیٹھنے اور دیگر بنیادی سہولیات کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر شرکاء نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
ایونٹ میں آنے والے شہریوں کے لیے بڑی تعداد میں کرسیاں لگائی گئی تھیں، تاہم شہریوں کا الزام ہے کہ ان میں سے متعدد کرسیاں انتظامیہ اور سی ڈی اے افسران نے اپنے لیے مختص کرلیں، جس کے باعث عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ نہ مل سکی۔
شدید گرمی اور حبس کے باعث خواتین اور بچے بھی مشکلات کا شکار رہے۔ کئی شہریوں نے شکایت کی کہ ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی گرمی، رش اور ناقص انتظامات کے باعث انہیں واپس جانے پر مجبور ہونا پڑا۔
دوسری جانب شدید رش کے باعث متعدد خواتین اور بزرگوں کی طبیعت بھی خراب ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ شہریوں کے مطابق سکیورٹی اسٹاف کی جانب سے رش کو کنٹرول کرنے کے دوران بعض مقامات پر شہریوں سے دھکم پیل بھی ہوئی، جس سے صورتحال مزید پریشان کن ہوگئی۔
ایونٹ میں شریک شہریوں نے انتظامیہ کے انتظامات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں مناسب سہولیات فراہم نہیں کرنی تھیں اور اس طرح مشکلات کا سامنا ہی کرنا تھا تو انہیں ایونٹ میں مدعو کیوں کیا گیا؟
شہریوں نے چیئرمین سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ ایونٹ کے انتظامات میں مبینہ کوتاہی کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار افسران سے وضاحت طلب کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے عوامی پروگراموں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

