آزاد کشمیر میں پنجاب جیسی ترقی لائیں گے، عوام کی فلاح اولین ترجیح ہے . نواز شریف

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ہمیں امید نہیں تھی پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی شکایت کا موقع ملے، ہم نے مخالفین کے ساتھ سیاست میں ہمیشہ اچھا سلوک کیا ہے ، نوازشریف نے کہا کہ سیاست میں مخالفت کو اتنا آگے نہیں جانا چاہیے، سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، کشمیر کا ماحول ہمیشہ اچھا رہا ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر انتخابات میں کامیاب ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے پہلے دو مرحلوں میں ہمیں اکثریت مل چکی ہے، جو انتخابات نہیں جیت سکے انہیں بھی شاباش دیتا ہوں ، میاں نوازشریف نے کہا کہ اگر ہم نے آزاد کشمیر میں ڈیلیور نہ کیا تو لوگ ناراض ہوں گے، آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت تھی، آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے حکومت سنبھالی تو ملکی حالات بہت خراب تھے، پنجاب میں ترقی کی بنیاد شہبازشریف نے رکھی جسے مریم نواز نے آگے بڑھایا، آزاد کشمیر کے عوام پنجاب کی ترقی کی طرف دیکھ رہے ہیں ، نوازشریف نے کہا کہ مخالفین نے صرف نعرے لگائے، ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا، ملک پیچھے کی طرف نہیں بلکہ آگے جا رہا ہے، بہت جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے طلبا کو لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس ملنی چاہئیں، شہبازشریف آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ فنڈز دیں، آزاد کشمیر میں کسان کارڈ ملنا چاہیے ، میاں نوازشریف نے کہا کہ امیر مقام اور رانا ثنا اللہ نے کشمیر الیکشن میں دن رات محنت کی، امیر مقام ایسے کمپین کررہے تھے جیسے ان کا اپنا الیکشن ہو، جس طرح پنجاب بدلا اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کابینہ کا انتخاب میرٹ پر ہونا چاہیے، ہم نے اپنے منشور پر سو فیصد عمل کرنا ہے، آزاد کشمیر میں ترقیاتی سکیمیں بھرپور انداز میں شروع ہونی چاہئیں ، میاں نوازشریف نے کہا کہ شہبازشریف ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے میں لگے ہوئے ہیں، آزاد کشمیر کو بھی ترقی میں پنجاب کی سطح پر آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پہاڑی علاقہ ہے، یہاں کے وزیراعظم کے پاس ہیلی کاپٹر ہونا ضروری ہے، وزیراعظم شہبازشریف آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر دیں ، نوازشریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے، جس طرح پنجاب بدلا اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلیں گے، آزاد کشمیر میں کسان کارڈ ملنا چاہیے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کی زیر صدارت مرکزی قیادت کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی پر غور کیا گیا ، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کے آئندہ وزیراعظم کے نام پر بھی غور کیا گیا، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر وزارت عظمیٰ کے مضبوط ترین امیدوار ہیں، طارق فاروق، کرنل (ر) وقار اور راجہ فاروق حیدر بھی دوڑ میں شامل ہیں ، بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کے لیے فیصلے کا اختیار نواز شریف کو دیا ہے۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کی فہرست میاں نواز شریف کو ارسال کی گئی، فہرست میں خواتین کی نشستوں کے لیے ماریہ اقبال ترانہ، ناصرہ خان، مریم کشمیری، نثارہ عباسی اور سحرش قمر کے نام شامل ہیں۔

ٹیکنوکریٹ کی نشست پر راجہ شاداب سکندر، علماء و مشائخ کی نشست پر پیر مظہر سعید، اوورسیز کی مخصوص نشست کے لئے راجہ محمد جاوید کا نام فائنل ہونے کا امکان ہے ، ذرائع کے مطابق ان افراد کی حتمی منظوری مسلم لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف دیں گے