اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے شاہ غلام قادر کو وزیراعظم آزاد کشمیر کا امیدوار نامزد کرنے پر غور کیا گیا، شاہ غلام قادر اس وقت مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر بھی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ شاہ غلام قادر اچھے انسان ہیں، انہوں نے محنت کی، اللہ تعالیٰ نے کامیابی عطا کی ، اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت وفاقی و پارٹی قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور نومنتخب ارکان آزاد کشمیر اسمبلی بھی شریک ہوئے ، اجلاس میں پارٹی کی آئندہ حکمت عملی، آزاد کشمیر میں عوامی خدمت اور ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

