لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی، سری لنکا نے پاکستان کی جانب سے ملنے والا 111 رنز کا ہدف 18 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا ، سری لنکا کی جانب سے کامیندو مینڈس 62رنزبنا کر ٹاپ سکورر رہے، ایوشکافرنینڈونے 16اور کوشال مینڈس نے 8رنز بنائے۔
قبل ازیں لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ہوگیا، فخر زمان پانچ، معاذ صداقت آٹھ، سعد بیگ پانچ، سلمان علی آغا 9 اور بابر اعظم 29 رنز بنا کر چلتے بنے ، شاداب خان 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، وہ ریویو لینا چاہتے تھے تاہم پاکستان کے پاس کوئی ریویو باقی نہیں تھا۔
حسن نواز 17، عرفات منہاس 10، حارث رؤف ایک اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، پاکستان ٹیم 25.3 اوورز میں 110 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی جو دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے ون ڈے میچز میں تیسرا کم ترین اسکور ہے ، سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ان کے علاوہ سہان آراچیگے نے 2 جبکہ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونیتھ ویلالاگے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ، واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی سہ فریقی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔

