Yemeni President Capitalnewspoint 2

باب المندب کے تحفظ کے لیے عالمی تعاون مزید مضبوط کیا جائے . یمنی صدر

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) جمہوریہ یمن کی صدارتی لیڈرشپ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر رشاد محمد العلیمی نے کہا ہے کہ یمن باب المندب، اپنی ساحلی پٹی اور علاقائی سمندری حدود کے دفاع کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ، ان کے مطابق اس جدوجہد کا مقصد ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عالمی تجارت اور بین الاقوامی مفادات کے لیے اہم سمندری راستے کو محفوظ رکھنا بھی ہے۔

اپنے دفتر سے جاری بیان میں ڈاکٹر رشاد العلیمی نے کہا کہ باب المندب تجارت، توانائی کی ترسیل اور ضروری امدادی سامان کی عالمی نقل و حرکت کے حوالے سے انتہائی اہم گزرگاہ ہے ، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ایسی مؤثر بین الاقوامی شراکت داری کی ضرورت ہے جو اس اسٹریٹجک راستے کے تحفظ کے لیے یمنی ریاست کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنا سکے۔

یمنی صدر نے کہا کہ ان کی حکومت عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ شہریوں کا تحفظ، ریاستی اداروں کی بحالی، ملک کے تمام علاقوں میں حکومتی رٹ کا قیام اور ساحلوں، بندرگاہوں و علاقائی سمندری حدود کا دفاع حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر العلیمی نے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ کشیدگی کا آغاز یمنی حکومت کی جانب سے نہیں ہوا بلکہ حوثی ملیشیا نے دوبارہ محاذ آرائی کا راستہ اختیار کیا ، ان کے مطابق دیرپا امن کے قیام کے لیے ریاستی اداروں اور حکومتی اختیار کی بحالی ضروری ہے، جبکہ ایسے انتظام کو پائیدار امن قرار نہیں دیا جاسکتا جس میں ریاست کمزور ہو اور مسلح گروہ قانونی اختیار سے باہر ہتھیار رکھتے ہوں۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی امدادی اداروں پر زور دیا کہ بے گھر ہونے والے یمنی شہریوں کی فوری مدد کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں ، ڈاکٹر العلیمی نے کہا کہ متاثرہ افراد کو رہائش، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ مقامی حکام کی مدد بھی ضروری ہے تاکہ مزید بڑی تعداد میں لوگوں کو بے گھر ہونے سے بچایا جاسکے۔

یمنی صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ صورتحال پر صرف تشویش کا اظہار کرنے کے بجائے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں ، انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا، جن میں حوثی ملیشیا تک ہتھیاروں اور مالی وسائل کی رسائی روکنے سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔