اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کے زیرِ اہتمام اسلام آباد کے اہم اور پُرکشش رہائشی و تجارتی علاقوں G-13 اور G-14 کے کمرشل پلاٹس کی دو روزہ نیلامی کا آج باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ نیلامی 15 اور 16 ستمبر 2026 کو اوراگرینڈی ایونٹ کمپلیکس، سروس روڈ ایسٹ،سیکٹر E-11/4، اسلام آباد میں صبح 10:00 بجے شروع ہوئی۔
نیلامی میں G-13 اور G-14 میں واقع مختلف کمرشل پلاٹس پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں G-14 Markaz، G-14/2، G-14/3، G-14/4 سمیت دیگر اہم کمرشل مقامات شامل ہیں ، یہ پلاٹس کاروباری سرگرمیوں اور مستقبل میں منافع بخش سرمایہ کاری کے حوالے سے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں ، نیلامی میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے.
جبکہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار کمرشل پراپرٹیز کے حصول کے لیے نیلامی میں شرکت کر رہے ہیں ، نیلامی کے پہلے روز مجموعی طور پر 15 کمرشل پلاٹس فروخت ہوئے، جبکہ ان پلاٹس سے مجموعی طور پر10 ارب روپے سے زائد کی آمدن حاصل ہوئی ، G-13 اور G-14 اسلام آباد کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اور انتہائی اہم مقامات ہیں، جہاں کمرشل سرگرمیوں کے فروغ اور مستقبل میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن (ریٹائرڈ) ظفر اقبال نے کہا کہ شفاف، میرٹ پر مبنی اور منظم نیلامی کا انعقاد سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے ، اتھارٹی سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کرنے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ G-13 اور G-14 کے کمرشل پلاٹس کی یہ نیلامی سرمایہ کاروں کے لیے اسلام آباد کے اہم ترین علاقوں میں سرمایہ کاری کا ایک بہترین موقع ہے ، اتھارٹی کی جانب سے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا گیا کہ نیلامی کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور تمام قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی میں سرمایہ کاروں کی سہولت اور ان کے مسائل کے فوری ازالے کے لیے انویسٹر فیسلیٹیشن سیل قائم کیا گیا ہے، جس کی نگرانی ڈائریکٹر اسٹاف کے سپرد کی گئی ہے ، اس سیل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ایک مرکزی اور براہِ راست رابطے کا مؤثر نظام فراہم کیا گیا ہے ، سرمایہ کاروں کو درپیش کسی بھی مسئلے، رہنمائی یا معاملے کے لیے انہیں مختلف شعبوں کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ براہِ راست ڈائریکٹر اسٹاف سے رابطہ کر سکیں گے۔
ڈائریکٹر اسٹاف سرمایہ کاروں کے مسائل اور درخواستوں کو متعلقہ ونگ تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ان پر ہونے والی پیش رفت کی نگرانی کریں گے اور تمام متعلقہ ونگز سے ضروری کارروائی مکمل کروا کر سرمایہ کاروں کو بروقت سہولت فراہم کریں گے ، اس اقدام کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ پر مؤثر، شفاف، تیز رفتار اور سہل خدمات فراہم کرنا اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی جانب سے سرمایہ کاروں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس اہم موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے G-13 اور G-14 کے کمرشل پلاٹس کی نیلامی میں بھرپور شرکت کریں اور اسلام آباد کے ان ممتاز مقامات پر کاروباری و تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں۔

