FGEHA Auction , 16 Commercial Plots Sold for Rs10.3 Billion Capitalnewspoint

FGEHA کی نیلامی مکمل، 16 کمرشل پلاٹس 10.3 ارب روپے میں فروخت

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کے زیرِ اہتمام اسلام آباد کے سیکٹرز G-13 اور G-14 میں کمرشل پلاٹس کی دو روزہ نیلامی کامیابی سے مکمل ہوگئی، جس کے دوران 16 پلاٹس فروخت کیے گئے اور مجموعی طور پر 10.3 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا۔

نیلامی میں سرمایہ کاروں کی جانب سے نمایاں دلچسپی دیکھنے میں آئی اور مختلف کمرشل پلاٹس کے حصول کے لیے مسابقتی بولیاں سامنے آئیں۔ نیلامی میں G-14 مرکز (Markaz) سمیت G-13 اور G-14 کے اہم کمرشل مقامات کے پلاٹس شامل تھے , نیلامی کے دوران سب سے زیادہ مالیت کا پلاٹ G-14 Markaz کا 2 ہزار مربع گز پر مشتمل کمرشل پلاٹ نمبر 8 رہا، جو 1.95 ارب روپے میں فروخت ہوا۔

اس پلاٹ کے حصول کے لیے سرمایہ کاروں کی جانب سے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا گیا ، FGEHA کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کامیاب نیلامی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت اتھارٹی پر ان کے اعتماد اور اسلام آباد میں کمرشل سرمایہ کاری کے امکانات کی عکاس ہے۔

انہوں نے نیلامی کے کامیاب انعقاد پر اتھارٹی کے افسران، متعلقہ ونگز، انتظامی ٹیم اور دیگر عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیلامی کے انتظامات اور شفاف انعقاد کے لیے تمام متعلقہ افسران اور ملازمین نے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں ، ڈائریکٹر جنرل نے نیلامی میں شریک سرمایہ کاروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی شرکت اور اعتماد نے اس عمل کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے اتھارٹی جلد مزید کمرشل پراپرٹیز کی نیلامی بھی منعقد کرے گی ، انہوں نے کہا کہ FGEHA سرمایہ کاروں کے لیے شفاف، منظم اور سہل ماحول کی فراہمی کے اقدامات جاری رکھے گی، تاکہ اسلام آباد میں کمرشل سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مزید پیش رفت ہوسکے۔

انویسٹر فیسلیٹیشن سیل کا قیام :

سرمایہ کاروں کی سہولت اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے FGEHA میں انویسٹر فیسلیٹیشن سیل بھی قائم کیا گیا ہے، جس کی نگرانی ڈائریکٹر اسٹاف کو سونپی گئی ہے ، سیل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ایک مرکزی اور براہِ راست رابطے کا نظام فراہم کیا گیا ہے، جس کے تحت انہیں رہنمائی یا کسی مسئلے کے حل کے لیے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ وہ براہِ راست ڈائریکٹر اسٹاف سے رابطہ کرسکیں گے۔

ڈائریکٹر اسٹاف سرمایہ کاروں کی درخواستوں اور مسائل کو متعلقہ ونگ تک پہنچانے کے ساتھ ان پر ہونے والی پیش رفت کی نگرانی کریں گے اور ضروری کارروائی مکمل کرا کے بروقت سہولت فراہم کریں گے ، اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرمایہ کاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم سے مؤثر، شفاف، تیز رفتار اور آسان خدمات فراہم کرنا اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید سہل اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔