Petrol Dealers Refuse to implement on Relief Scheme Capitalnewspoint

پٹرول ڈیلرز کا ریلیف اسکیم پر عملدرآمد سے انکار

کراچی (بیورو رپورٹ) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) نے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ریلیف اسکیم کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ طریقہ کار کے تحت صارفین کو پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کردیا ، کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وائس چیئرمین پی پی ڈی اے انوار کمال نے کہا کہ ریلیف اسکیم تیار کرتے وقت پیٹرولیم ڈیلرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جس کے باعث موجودہ طریقہ کار پر عملی طور پر عمل درآمد مشکل نظر آتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف براہِ راست اور آسان طریقے سے فراہم کیا جائے ، ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی ڈیلرز کا سرمایہ شدید دباؤ میں ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے اربوں روپے کے واجبات بھی تاحال زیرِ التوا ہیں ، انوار کمال نے کہا کہ ریلیف اسکیم کا مالی بوجھ پیٹرول پمپس کے مالکان پر منتقل کرنا قابلِ عمل نہیں، ڈیلرز اپنے مارجن میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور موجودہ حکومتی طریقہ کار کے تحت پیٹرول فراہم نہیں کریں گے۔

وائس چیئرمین پی پی ڈی اے نے سوال اٹھایا کہ ریلیف اسکیم کے تحت سستے پیٹرول کی رقم حکومت ڈیلرز کو کس طریقہ کار کے تحت ادا کرے گی ، انہوں نے بتایا کہ ڈیلرز گزشتہ تین روز سے حکومت سے رابطے میں ہیں، تاہم تاحال انہیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا ، پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکیم پر عمل درآمد سے قبل ڈیلرز کے تحفظات دور کیے جائیں اور ادائیگی کے طریقہ کار کو واضح کیا جائے۔