پاکستان اور چین کا مشترکہ سرحدی کمیشن فعال، بارڈر مینجمنٹ پر تعاون بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور چین نے مشترکہ سرحد کے انتظام سے متعلق دوطرفہ کمیشن کو باقاعدہ طور پر فعال کردیا ہے، جس کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ میں منعقد ہواا,جلاس کی مشترکہ صدارت چین کی وزارتِ خارجہ کے محکمہ سرحدی و سمندری امور کے نائب ڈائریکٹر جنرل لی یا اور پاکستان کے دفترِ خارجہ میں چین امور کے ڈائریکٹر جنرل بلال محمود چودھری نے کی۔

دفترِ خارجہ کے مطابق مشترکہ سرحدی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان سرحدی انتظام، تجارت، مشترکہ سروے اور عوامی روابط سے متعلق امور پر تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا , یہ کمیشن پاکستان اور چین کے درمیان 2013 میں طے پانے والے سرحدی انتظام کے معاہدے کے تحت قائم کیا گیا تھا، تاہم اب اسے عملی طور پر فعال کیا گیا ہے ، کمیشن کے ذریعے سرحدی نشانات کی دیکھ بھال، سرحد پار سہولیات کے انتظام، مشترکہ جائزوں اور دیگر متعلقہ معاملات پر دونوں ممالک کے حکام کے درمیان رابطہ کاری کی جائے گی۔

حکام کے مطابق کمیشن کے فعال ہونے سے خنجراب گزرگاہ کے ذریعے ہونے والی آمدورفت اور تجارت سے متعلق تعاون کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے وابستہ سرحدی امور پر بھی رابطہ کاری بہتر ہونے کی توقع ہے ، حکام نے واضح کیا ہے کہ مشترکہ سرحدی کمیشن کسی نئے سرحدی تنازع کے حل کے لیے قائم نہیں کیا گیا بلکہ اس کا مقصد پہلے سے متعین پاک چین سرحد کے انتظام، نگرانی اور عملی نوعیت کے مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرنا ہے۔