اسلام آباد (شوبز رپورٹر) پاکستانی اداکارہ اور معروف میزبان کرن خان نے کاروباری شخصیت اشتیاق بیگ سے نکاح کرلیا ، کرن خان نے اپنے نکاح اور عمرے کی ادائیگی کی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کیں، جن میں وہ اپنے شوہر کے ہمراہ نظر آئیں ، تصاویر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق کرن خان نے کاروباری شخصیت اور گلوکارہ نازیہ حسن کے سابق شوہر اشتیاق بیگ سے نکاح کیا ہے۔ اشتیاق بیگ کی اس سے قبل نازیہ حسن سے شادی ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی ، کرن خان کے نکاح کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے انہیں مبارکباد دی اور نئی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ، مبارکباد دینے والوں میں ندا یاسر، اظفر رحمان، سعدیہ امام اور نادیہ حسین سمیت دیگر شوبز شخصیات شامل ہیں۔

