او جی ڈی سی ایل میں 52 خواتین گریجویٹس شامل، پیداوار دوگنی کرنے کا ہدف

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے اپنے آل فیمیل مینجمنٹ ٹرینی افسران پروگرام-27 2026 کے دوسرے بیچ کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں پاکستان بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والی 52 خواتین گریجویٹس شامل ہیں ، یہ پروگرام او جی ڈی سی کے تنوع، مساوات اور شمولیت کے عزم اور توانائی کے شعبے میں خواتین کی شرکت بڑھانے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ٹریننگ (آئل اینڈ گیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ – او جی ٹی آئی) میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں مینجمنٹ ٹرینی افسران کو باضابطہ طور پر خوش آمدید کہا گیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے او جی ڈی سی کے ایم ڈی/سی ای او احمد حیات لک نے نئے مینجمنٹ ٹرینی افسران کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس اقدام کا مقصد ادارے میں خواتین کی نمائندگی کو پائیدار بنیادوں پر مزید فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا، ”ہم چاہتے ہیں کہ ہماری کمپنی میں مزید خواتین شامل ہوں تاکہ ہمارا کام کا ماحول زیادہ وسیع اور جامع ہو۔“ ایم ڈی/سی ای او احمد حیات لک نے کہا کہ”تربیت حاصل کرنے والی خواتین او جی ڈی سی کے ترقی کے سفر میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی توانائی کی سلامتی میں معاونت کے لیے درکار مہارتیں بھی حاصل کریں گی۔

انہوں نے کہا، ”ہمارا ہدف اگلے تین سالوں میں اپنی پیداوار کو دوگنا کرنا ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ”او جی ڈی سی اپنے موجودہ اثاثوں سے پیداوار کو مزید بہتر بنانے اور درآمدات کے متبادل کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔“

52 ہفتوں پر مشتمل اس پروگرام میں کلاس روم لرننگ، عملی تربیت، فیلڈ وزٹس، مختلف شعبہ جات میں تعیناتی اور رہنمائی شامل ہیں ، پروگرام اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ ٹرینی افسران کو او جی ڈی سی کے آپریشنز، تیل و گیس کی پوری ویلیو چین، جبکہ اس شعبے کو درپیش مواقع اور چیلنجز سے متعلق جامع آگاہی حاصل ہو۔

او جی ڈی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ہیومن ریسورسز) شہزاد صفدر نے کہا کہ ”دوسرے بیچ کا پروگرام پہلے بیچ کے تجربات سے حاصل ہونے والے اسباق کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے ، “ انہوں نے کہا، ”یہ ایک مختلف اور زیادہ جامع تربیتی پروگرام ہے ، ہم ایسا پروگرام تیار کرنا چاہتے تھے جو مینجمنٹ ٹرینی افسران کو ان کے پیشہ ورانہ کیریئر کے لیے مکمل طور پر تیار کرے۔

“ شہزاد صفدر نے کہا کہ”او جی ڈی سی نے کمپنی میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے سوچے سمجھے اور منظم انداز میں اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”ہم نے اپنے روایتی دائرہ کار سے آگے بڑھتے ہوئے خواتین کے لیے ایک مخصوص آل فیمیل مینجمنٹ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔“

او جی ڈی سی نے جولائی 2025 میں 36 خواتین مینجمنٹ ٹرینی افسران پر مشتمل پہلا آل فیمیل بیچ متعارف کرایا تھا ، تقریب کے دوران پہلے بیچ کی خواتین افسران نے بھی اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور کمپنی کی جانب سے تیل و گیس کے شعبے کی عملی سمجھ بوجھ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے کو سراہا ، دوسرے بیچ کی ٹرینی افسران کو پورے سال کے دوران منظم تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی.

جس میں تکنیکی اور سافٹ اسکلز کی ٹیمیں معاونت کریں گی۔ پروگرام کا مقصد نوجوان خواتین کو وہ علم، مہارتیں اور پیشہ ورانہ تجربہ فراہم کرنا ہے جو پاکستان کے توانائی کے شعبے میں کامیاب کیریئر بنانے کے لیے ضروری ہیں ، او جی ڈی سی مساوی مواقع، جامع ترقی اور ایسی متنوع افرادی قوت کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہے جو کمپنی کی طویل مدتی ترقی اور پاکستان کی توانائی کی سلامتی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔