اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) کابینہ کمیٹی اجلاس برائے تصفیہ کے اجلاس میں قانون سازی کیلئے وزارتوں کو ترامیم اور سفارشات بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے ، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے تصفیہ قانون سازی امور کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ڈویژنز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمیٹی کے سامنے پیش کیے گئے مختلف قانونی و انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے متعلقہ وزارتوں کو مختلف معاملات میں ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کرنے کی ہدایت کی ، کمیٹی نے ایف آئی اے ایکٹ 1974، پاکستان پینل کوڈ 1860 اور ضابطۂ فوجداری 1898 میں مجوزہ ترامیم کو اپنی سفارشات اور ضروری ترامیم شامل کرنے سے مشروط کرتے ہوئے منظور کر لیا۔
اسی طرح سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں مجوزہ ترامیم کی بھی ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کرنے سے مشروط منظوری دے دی گئی ، دوسری جانب کمیٹی نے امیگریشن رولز 1979 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی جب کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل 2026 کا معاملہ موخر کر دیا گیا ، اجلاس میں نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000 کے تحت اوورلوڈنگ پر جرمانوں میں اضافے کی تجویز بھی واپس لے لی گئی۔

