پاکستان، میانمار کا گندھارا بدھ ورثے کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی سے میانمار کے سفیر وونا ہان نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں بدھ مت ورثے، گندھارا تہذیب کے تاریخی مقامات اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بدھ مت اور گندھارا تہذیب سے وابستہ تاریخی ورثے کے تحفظ اور اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔

اورنگزیب خان کچھی کے مطابق بدھ زائرین کی سہولت کے لیے مری روڈ پر مقدس بدھ مت تبرکات کے تحفظ اور نمائش کے لیے ایک خصوصی سہولت قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ، وفاقی وزیر نے بتایا کہ پشاور میوزیم میں محفوظ اہم بدھ مت آثار کو قومی میوزیم منتقل کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہ اللہ دتہ غاروں کو آئندہ ماہ زائرین کے لیے کھولنے کا منصوبہ ہے۔

گندھارا ورثہ میانمار کے لیے بھی اہم ہے، سفیر :

میانمار کے سفیر وونا ہان نے کہا کہ گندھارا تہذیب کا ورثہ میانمار سمیت دنیا بھر کی بدھ برادری کے لیے مذہبی اور ثقافتی اعتبار سے خاص اہمیت رکھتا ہے ، انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا، پشاور، سوات اور تخت بھائی بدھ مت اور گندھارا تہذیب کے اہم تاریخی مراکز ہیں، جنہیں بدھ مت ورثے کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل ہے۔

میانمار کے سفیر نے پاکستان اور میانمار کے درمیان بدھ زائرین کے لیے چارٹر پروازوں کے امکان کا جائزہ لینے کی تجویز بھی پیش کی ، وونا ہان نے زور دیا کہ گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے پاکستان، میانمار اور دیگر بدھ ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی و ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور بدھ مت کے تاریخی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔