اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) تھانہ کورال کی حدود میں خاتون کے قتل کا کیس پولیس نے قلیل وقت میں ٹریس کرتے ہوئے مقتولہ کے سگے بیٹے سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی سواں ایریا حسنین وارث نے ایس ایچ او کورال عامر حیات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ کورال کی حدود سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کی شناخت ساجدہ بی بی کے نام سے ہوئی۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان تک پہنچنے کے لیے ڈی آئی بی ٹیکنیکل ونگ، تھانہ کورال اور ہومی سائیڈ انویسٹی گیشن یونٹ پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں ، تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیجز، جیو فینسنگ، کال ڈیٹا کے تجزیے اور انسانی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کو استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت سہیل مسیح، مقتولہ کے بیٹے چشمان مسیح اور روبن مسیح کے نام سے ہوئی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے مبینہ آلہ قتل پستول، گولیوں کے خول، مقتولہ اور اس کی بیٹی کے موبائل فونز سمیت گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں مرکزی ملزم سہیل مسیح کے مقتولہ کی 13 سالہ بیٹی سے تعلقات کا انکشاف ہوا ہے ، تفتیشی حکام کے مطابق مقتولہ کا بیٹا چشمان مسیح اپنی والدہ کو اپنے ساتھ لے کر آیا تھا، جہاں کورال کے علاقے میں مبینہ طور پر خاتون کو گولی مار کر قتل کیا گیا ، پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

