اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں بجلی، ہوا بازی اور مالیاتی شعبوں سے متعلق مختلف نجکاری معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (GEPCO) کی نجکاری کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد 9 فریقوں کو پری کوالیفائی کرنے کی منظوری دی گئی۔
نجکاری کمیشن کے مطابق جیپکو کے 51 سے 100 فیصد شیئرز اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 11 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے مقررہ معیار پر پورا اترنے والی 9 کمپنیوں کو اگلے مرحلے کے لیے اہل قرار دیا گیا۔
پری کوالیفائی ہونے والے فریقوں میں ترکیہ کی Aktor Elektrik، Genvera Enerji اور Cengiz Enerji شامل ہیں، جبکہ پاکستان سے Engro Energy، Hub Power Holdings، Sapphire Fibres، Shirazi Investments، Artistic Milliners اور AKD Securities کے گروپس شامل ہیں۔
نجکاری کمیشن کے مطابق پری کوالیفائی ہونے والی کمپنیاں اب جیپکو کی نجکاری کے اگلے مرحلے میں داخل ہوں گی اور انہیں ورچوئل ڈیٹا روم (VDR) تک رسائی فراہم کی جائے گی، جہاں وہ کمپنی کے معاملات کا تفصیلی جائزہ اور ڈیو ڈیلیجنس کا عمل مکمل کریں گی۔
دوسری جانب کے الیکٹرک نے جیپکو کی نجکاری کے عمل سے اپنی درخواست باضابطہ طور پر واپس لے لی، جبکہ الشریف کنٹریکٹنگ مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کرنے کے باعث پری کوالیفکیشن کے مرحلے میں آگے نہ بڑھ سکی ، اجلاس میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے تینوں ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے قائم مذاکراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے دی۔ تینوں ایئرپورٹس نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں ، بورڈ اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (ZTBL) اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (HBFCL) کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نجکاری کمیشن نے دونوں اداروں کے ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کو ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ مقررہ طریقہ کار کے تحت معاملات کو اگلے مراحل تک پہنچایا جاسکے ، دونوں ادارے حکومت کے نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں ، نجکاری کمیشن کے ترجمان کے مطابق تمام نجکاری معاملات کو شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ جیپکو سمیت جاری نجکاری معاملات میں مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق عمل مکمل کیا جائے گا جبکہ پری کوالیفائی ہونے والے سرمایہ کاروں کے ساتھ اگلے مرحلے میں ڈیو ڈیلیجنس اور دیگر ضروری کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

