ناروے (ویب ڈیسک) ناروے کی مشکلات سے دوچار فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک ایئر ویز نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو دو بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے لیز پر دے گی ، یہ اقدام مالی مشکلات سے نمٹنے اور کمپنی کی مالی پوزیشن بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے ، رائٹرز کے مطابق اس معاہدے سے نورس اٹلانٹک کو ایک اہم ACMI معاہدہ برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
ACMI کے تحت ایک فضائی کمپنی دوسری ایئرلائن کو طیارے، عملہ، مرمت و دیکھ بھال اور انشورنس سمیت فضائی خدمات فراہم کرتی ہے ، یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت کی سب سے بڑی فضائی کمپنی انڈیگو نے رواں سال جولائی میں نورس اٹلانٹک کے ساتھ اپنا ویٹ لیز معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جیٹ فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث نورس اٹلانٹک اپنی کم لاگت والی ٹرانس اٹلانٹک پروازوں میں سرمایہ کاری اور آپریشنز محدود کر رہی ہے، جبکہ دوسری ایئرلائنز کو طیارے اور عملہ لیز پر فراہم کرنے کے کاروبار پر توجہ بڑھا رہی ہے۔
معاہدے کی اہم تفصیلات :
پی آئی اے کے لیے پروازوں کا آغاز نومبر 2026 میں متوقع ہے ، نورس اٹلانٹک کے مطابق، بڑی بین الاقوامی ایئرلائنز کے ساتھ طویل مدتی ACMI معاہدے کمپنی کو مسافروں کی طلب اور ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات سے بچانے میں مدد دیتے ہیں ، کمپنی نے بتایا کہ وہ ممکنہ ACMI معاہدوں کے لیے دیگر فضائی کمپنیوں سے بھی مذاکرات کر رہی ہے۔
نورس اٹلانٹک کے بیڑے میں 12 بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے شامل ہیں ، کم لاگت والی فضائی کمپنی نے ممکنہ فروخت یا کسی دوسری کمپنی کے ساتھ انضمام کے لیے رواں سال جولائی میں باضابطہ عمل شروع کیا تھا۔
نورس اٹلانٹک اپنی مالی مشکلات پر قابو پانے کے لیے کاروباری حکمت عملی تبدیل کر رہی ہے۔ پی آئی اے کے ساتھ یہ معاہدہ کمپنی کو آمدنی کے نسبتاً مستحکم ذرائع فراہم کرنے میں مدد دے سکتا ہے، جبکہ پی آئی اے کے لیے طیاروں کی دستیابی اور پروازوں کے آپریشنز میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

