اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیر قانونی ویزا ایجنٹس اور شہریوں سے دھوکہ دہی و فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں ، گزشتہ چار ماہ کے دوران مجموعی طور پر 190 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر کی زیرِ نگرانی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز اسلام آباد اور راولپنڈی نے غیر قانونی ویزا ایجنٹس، بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرنے والوں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔
ایف آئی اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے گزشتہ چار ماہ کے دوران 70 ملزمان کو گرفتار کیا ، اس عرصے میں 20 کروڑ 45 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی، جبکہ 668 مقدمات درج کیے گئے ، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے اسی عرصے کے دوران 120 ملزمان کو گرفتار کیا اور 41 کروڑ 10 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری کی ، سرکل کی جانب سے مجموعی طور پر 875 مقدمات درج کیے گئے۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق دونوں سرکلز نے گزشتہ چار ماہ میں مجموعی طور پر 190 ملزمان کو گرفتار کیا، 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری کی اور 1,543 مقدمات درج کیے ، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت اور سفر کے نام پر دھوکہ دہی سے بچانے، غیر قانونی ویزا ایجنٹس کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت یا سفر کے لیے کسی ایجنٹ سے معاملہ کرنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت اور متعلقہ دستاویزات کی تصدیق ضرور کریں ، حکام نے شہریوں پر زور دیا کہ دھوکہ دہی یا کسی غیر قانونی سرگرمی کا سامنا ہونے پر فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

