کوئٹہ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کردیا ، گورنر فیصل کریم کنڈی کے مطابق شہداء پیکج، کانسٹیبل سے انسپکٹر تک معاوضہ 1 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر 1 کروڑ 70 لاکھ روپے کر دیا گیا، جبکہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کا معاوضہ ایک کروڑ 60 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔
گریڈ 18 اور 19 کے شہداء کا معاوضہ 2 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر 3 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 20 اور زائد کے شہداء کا معاوضہ 2 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 3 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے ، اسی طرح دوران ڈیوٹی زخمی اہلکاروں کا پیکیج ایک لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کر دیا گیا اور مستقل معذوری کی صورت میں 50 لاکھ روپے دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ کانسٹیبل سے انسپکٹر تک شہداء کے ورثاء کو 5 مرلہ پلاٹ کے بجائے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے دیے جائیں گے، ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کے ورثاء کیلئے رہائشی معاونت کی مد میں ڈھائی کروڑ روپے منظور کرلیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے پولیس شہداء کے ورثاء کو پلاٹ کے بجائے 7 کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پولیس اہلکاروں کی شریکِ حیات یا بچوں کی وفات کی صورت میں بھی 50 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

