چین کا اسرائیل سے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

بیجنگ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) چین نے اسرائیل سے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کے جبری قیام کا فیصلہ روکنے اور واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، چینی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ وانگ یی نے آذربائیجان میں ملاقات کے دوران اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے کہا کہ اسرائیل کو مغربی کنارے میں بستیوں کے قیام سے متعلق فیصلے کو روکنا اور واپس لینا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین کا مسلسل مؤقف رہا ہے کہ مسئلہ فلسطین اس صدی کی سب سے بڑی تاریخی ناانصافی ہے ، وانگ یی نے کہا کہ خطے میں امن اور مفاہمت کو فروغ دینا چین کی مشرق وسطیٰ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ چین سمجھتا ہے کہ دو ریاستی حل مسئلہ فلسطین کے حل کا درست راستہ ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ فوری ترجیح غزہ کی پٹی تک رسائی مکمل طور پر کھولنا ہے تاکہ انسانی بحران کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے ، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو مغربی کنارے میں جبری طور پر بستیوں کے قیام کا سلسلہ روکنا اور اس حوالے سے کیے گئے اقدامات واپس لینے چاہئیں۔