اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) آصفہ بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیرِ صدارت پروگرام کے مختلف اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا ، آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کو بااختیار بنانے اور مستحق خاندانوں کی معاونت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار کو سراہا اور پروگرام کے اقدامات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آصفہ بھٹو نے مالیاتی آگاہی اور عوامی شعور میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مستحقین کی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ، انہوں نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کے تعاون سے بی آئی ایس پی کی خدمات مستحق افراد تک پہنچانے کی تجویز بھی دی۔
اجلاس میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد نے بتایا کہ پروگرام کے تحت خرچ ہونے والا ہر ایک روپیہ 2 روپے 34 پیسے کی حقیقی آمدن پیدا کرتا ہے، جبکہ بی آئی ایس پی کے تحت پیدا ہونے والی معاشی سرگرمیوں سے قومی خزانے کو سالانہ 174 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے .
روبینہ خالد کے مطابق بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت 50 ہزار سے زائد افراد کی فنی تربیت کے لیے رجسٹریشن کی جا چکی ہے ، اس پروگرام کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، مہمان نوازی اور تعمیرات کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

