کراچی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کا ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ سندھ ماسٹر پلان اتھارٹی بھی کافی عرصے سے اس حوالے سے کام کر رہی ہے، عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ کے 14 شہروں کے ماسٹر پلان بنائے گئے ہیں۔
شہرِ قائد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کی بگڑی ہوئی شہری شکل کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں گے، شہر کی بہتری کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ سندھ ماسٹر پلان اتھارٹی کافی عرصے سے کام کر رہی ہے اور شہری ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، کراچی اور حیدرآباد کے لیے بھی ماسٹر پلان تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ شہروں کی ترقی کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کی جو شکل خراب کی گئی ہے، اس میں بہتری لائیں گے، شہر کے مسائل حل کرنے اور بنیادی شہری ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ایسا شہر نہیں جو کراچی کی طرح پھیلا ہوا ہو، اس لیے اس کی منصوبہ بندی ایک بڑا چیلنج ہے ، شہر کے نالوں پر غیرقانونی تعمیرات کا ذکر کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ نالوں پر دکانیں تعمیر کرکے دے دی گئی تھیں، جس سے مسائل پیدا ہوئے،ایک بار غلطی ہو جائے تو اسے درست کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے شہری منصوبہ بندی میں احتیاط اور دوراندیشی ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سکھر میں سڑک کے کھمبے سے متعلق میڈیا کوریج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ سکھر کی سڑک کا کھمبا بھی میڈیا پر آگیا ہے، آج کل لوگ کھمبے ڈھونڈ رہے ہیں ، مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ شہری مسائل اور ترقیاتی کاموں سے متعلق معاملات میڈیا کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں، حیدرآباد میں رنگ روڈ تعمیر کیا جا رہا ہے ، اپنی گفتگو میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کی بہتری اور شہری مسائل کے حل کے لیے سب مل کر کام کریں گے۔

