JD Vance Iran War or Economic Failure? JD Vance Explains the Reason Behind Republican Defeat Capitalnewspoint.com Capitalnewspoint.com

ایران جنگ یا معاشی ناکامی؟ جے ڈی وینس نے ریپبلکن شکست کی وجہ بتا دی

واشنگٹن (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی بڑی وجہ ایران جنگ کو قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ جنگ کے معاملے پر حکومتی پالیسی نے ووٹرز کی حمایت متاثر کی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے تفصیلی بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کی شکست کے پیچھے سب سے بڑی وجہ جنگ ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی گزشتہ رات اس حقیقت کا اظہار کر چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج کا دیانتداری سے جائزہ لینے کے لیے سب سے پہلے یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ پارٹی کو شکست کیوں ہوئی اور اب آگے کا راستہ کیا ہونا چاہیے۔

امریکی نائب صدر نے انتخابی نتائج کے ایک اہم پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ریپبلکن ووٹرز نے مڈٹرم انتخابات میں حصہ لیا، تاہم ان کی بڑی تعداد نے اپنی ہی جماعت کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیا ، ان کے مطابق اس صورتحال کی ایک وجہ ریپبلکن پارٹی کا معاشی پیغام بھی تھا، جو عوام تک مؤثر اور واضح انداز میں نہیں پہنچایا جا سکا۔

جے ڈی وینس نے حالیہ پولنگ ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرنے والے ووٹرز اب حکومت سے چار بنیادی مطالبات کر رہے ہیں ، ان میں ایران جنگ کا خاتمہ، مہنگائی پر قابو پانا، امریکا فرسٹ پالیسی پر عملدرآمد اور اسرائیل کے ساتھ امریکی تعلقات کی پالیسی میں تبدیلی شامل ہیں۔

ان کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ ایران جنگ نہ صرف امریکی خارجہ پالیسی بلکہ اندرونی سیاسی صورتحال اور ریپبلکن پارٹی کی انتخابی مقبولیت پر بھی اثر انداز ہوئی ہے ، واضح رہے کہ رواں سال کے اوائل میں ایران پر امریکی بمباری کے فیصلے سے قبل جے ڈی وینس نے فوجی کارروائی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ انہیں خدشہ تھا کہ امریکا ایک ایسے طویل تنازع میں پھنس سکتا ہے جس سے نکلنا آسان نہیں ہوگا۔

دوسری جانب امریکی سیاسی حلقوں میں جے ڈی وینس کے مستقبل کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں، امریکی میڈیا کے مطابق اگر وہ 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ریپبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے لیے مضبوط ترین امیدواروں میں شمار ہوں گے۔