پاکستان سوڈان کے برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے . وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے ملاقات کی، وزیراعظم نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا ، ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، چاہتے ہیں کہ سوڈان موجودہ بحران سے نکل کر ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر ابھرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی، جی 77 اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر سوڈان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے مشکل صورتحال میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے انسانی اور طبی امداد پر بھی اظہار تشکر کیا ،سوڈانی وزیر داخلہ نے سوڈان میں امن و امان کی کوششوں کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت کو سراہا جبکہ خطے میں امن اور ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔