اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے باعث بلدیاتی انتخابات مؤخر کر دیئے ، الیکشن کمیشن کے مطابق گورنر رول اور ایمرجنسی والے اضلاع کے علاوہ بلدیاتی الیکشن کے لیے اقدامات شروع کیے گئے تھے، وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر 2026 کو آرڈر نمبر 3 جاری کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی حکومت کے آرڈر نمبر 3 کا جائزہ لیا گیا، آرڈر کی شق نمبر 2 کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-A کو معطل کیا گیا ہے ، ترجمان کے مطابق آرٹیکل 140-A کی معطلی کا اطلاق دیگر تمام اضلاع پر بھی کر دیا گیا، آرٹیکل 140-A صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آرٹیکل 140-A کی ذیلی شق 2 کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، وفاقی حکم نامے کے باعث خیبر پختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا ، خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اب تک کیے گئے تمام اقدامات تا حکم ثانی روک دیے گئے۔

