موسمیاتی بحران سے کوئی ملک محفوظ نہیں، عملی اقدامات کی ضرورت ہے. طیب اردوان

انطالیہ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ دنیا کو گلوبل وارمنگ، حیاتیاتی تنوع میں کمی، غذائی عدم تحفظ اور شدید موسمیاتی واقعات جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ، انطالیہ میں کوپ 31 سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کو اناطولیہ کی ثقافت اور تنوع کی عکاسی کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ اجلاس میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ اور توانائی کی بچت کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

ترک صدر نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی جنگ میں اہم موڑ ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید موسمیاتی واقعات سے دنیا کا کوئی بھی ملک محفوظ نہیں اور ماحولیاتی تبدیلیاں تمام ممالک کے لیے یکساں خطرہ ہیں ، رجب طیب اردوان نے کہا کہ وسائل کی کمی، غذائی عدم تحفظ اور ضرورت سے زیادہ کھپت انسانیت کے مستقبل کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ ماحولیاتی انصاف اور پائیدار ترقی کے لیے عالمی سطح پر فعال کردار ادا کرتا رہے گا، جبکہ ملک نے قابل تجدید توانائی اور کاربن کے اخراج میں کمی کے اہداف مزید بڑھا دیے ہیں ، ترک صدر نے زور دیا کہ ماحولیاتی نقصان سے متاثرہ غریب ممالک کی مالی اور تکنیکی مدد یقینی بنائی جائے، موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے محض بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔