کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان سپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ضلع شیرانی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں نے علاقے میں بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔ فیز ون اور فیز ٹو کے تحت ضلع شیرانی میں مجموعی طور پر 116 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی، جن میں سے 115 منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔
حکام کے مطابق ان منصوبوں کے لیے بلوچستان سپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت مجموعی طور پر 689.99 ملین روپے مختص کیے گئے ، منصوبوں کی تکمیل سے ضلع شیرانی کے مختلف علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کے باعث علاقے کے انفراسٹرکچر میں بہتری آئی ہے، جس سے مقامی آبادی کے لیے روزمرہ ضروریات اور بنیادی سہولیات تک رسائی آسان بنانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
منصوبوں کی نگرانی اور بروقت تکمیل میں ایف سی بلوچستان نارتھ، سول انتظامیہ اور منتخب نمائندوں نے بھی کردار ادا کیا ، متعلقہ اداروں کی جانب سے منصوبوں کی نگرانی کو پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کے مؤثر نفاذ کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوامی فلاح، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پائیدار انفراسٹرکچر کی تعمیر کے ذریعے بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ ضلع شیرانی میں مکمل ہونے والے منصوبے اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہیں۔

