دہشت گردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے . سرفراز بگٹی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں سے بات چیت نہیں ہو گی ، کوئٹہ میں ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبے میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت اس معاملے پر متفق اور یکسو ہے، دہشت گردی کے خلاف پالیسی میں کوئی ابہام یا کنفیوژن نہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان کا صوبائی حکومت کے مؤقف اور پالیسی ترجیحات کی وضاحت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز مشکل اور نامساعد حالات کے باوجود فرائض انجام دے رہی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں سے کسی صورت بات چیت نہیں ہوگی ، انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سول اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل اتفاق رائے موجود ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کنفیوژن نہیں۔