اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان کے لیے اغوا کیے گئے غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرالیا، جبکہ واردات میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق غیر ملکی شہری کو آج صبح سیکٹر G-8 سے اسلحے کے زور پر اغوا کیا گیا تھا۔ ملزمان نے مغوی کی رہائی کے بدلے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا، جبکہ واردات کے دوران دیگر اسٹاف سے نقدی، قیمتی موبائل فونز اور دیگر اشیاء بھی چھین لی گئی تھیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی محمد خرم اشرف کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔
پولیس ٹیموں نے جدید تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلیجنس کو بروئے کار لاتے ہوئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں تھانہ سہالہ کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
8 ملزمان گرفتار، گاڑیاں اور لوٹا گیا سامان برآمد :
اسلام آباد پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران غیر ملکی شہری کے اغوا میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں، چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز بھی برآمد کرلیے گئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں، بالخصوص غیر ملکی باشندوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اغوا برائے تاوان کی سنگین واردات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی ، اسلام آباد پولیس کے مطابق شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

