لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی مکمل پاسداری ناگزیر ہے ، عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں جمہوری اقدار اور اصولوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ، ان کے مطابق جمہوریت صرف حکومت کرنے کا سیاسی نظام نہیں بلکہ ملکی ترقی میں عوام کی مسلسل اور مؤثر شرکت کا نام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جمہوریت ایک جاری سفر ہے جس کا بنیادی مقصد ایک متوازن اور فلاحی معاشرے کا قیام ہے ، اس نظام کی کامیابی کے لیے عوام میں شعور، قیادت میں دیانت داری اور قانون کی حکمرانی بنیادی عناصر ہیں ، انہوں نے کہا کہ احتساب جمہوریت کے اہم ستونوں میں شامل ہے، جبکہ عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر کرپٹ عناصر کے خلاف احتساب کے عزم کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے منظم اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ آئین کی بالادستی جمہوریت کی حقیقی روح ہے۔ جمہوری روایات کو فروغ دینے اور انہیں مستحکم بنانے میں سول سوسائٹی اور ریاستی اداروں کا فعال کردار انتہائی اہم ہے ، ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں برداشت، باہمی مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل جمہوری اقدار کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔ جمہوریت ہی سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کی جانب آگے بڑھنے کا مؤثر راستہ ہے۔

