اسحاق ڈار سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار کی ملاقات ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، طلال چودھری اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اِسی طرح اسحاق ڈار نے لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ، ملاقات میں دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون سمیت علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے پاکستان اور لبنان کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا۔

دوسری جانب اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سزا یافتہ افراد کی منتقلی کا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ قانونی تعاون میں اہم سنگ میل ہے ، ترجمان نے مزید کہا کہ لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کو مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر دستخط کی مبارکباد دی، دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔