راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور تاریخی تعلقات انتہائی مضبوط ہیں ، عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان سفارتی اور عملی دونوں سطحوں پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کا عزم سعودی عرب کے دفاع کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت مقدس مقامات کے تحفظ تک وسیع ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب کو کسی بھی جارحیت کا سامنا ہوا تو پاکستان اس کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے گا ، انہوں نے واضح کیا کہ سعودی سلامتی کے حوالے سے پاکستان کا عزم غیر مشروط ہے، جس کی بنیاد دونوں ممالک کے عوام، قیادت اور مسلح افواج کے درمیان دیرینہ اور تاریخی روابط ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان سعودی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور خطے کی دیگر حکومتوں سے مشاورت کے ذریعے کشیدگی کے خاتمے، مذاکرات اور پُرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے مطابق اسلام آباد کی مفاہمتی کوششیں موجودہ پیچیدہ فوجی صورتحال سے نکلنے کے لیے ایک اہم راستہ ہیں ، پاکستان واشنگٹن اور تہران کے درمیان دوبارہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور دونوں فریقین کے لیے قابل قبول مشترکہ بنیاد تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

