خیبرپختونخوا میں کامیاب آپریشنز، صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان اور ہنگو میں کارروائیوں کے دوران خوارجی عناصر کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ، انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وطن کے دفاع اور ملک میں امن کے قیام کے لیے جانیں قربان کرنے والے جوان قوم کے عزم اور حوصلے کی علامت ہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ، انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو اور شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 10 خوارجی عناصر کی ہلاکت پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 6 سکیورٹی اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی دفاع، امن اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں ، شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا ، شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا میں خوارجی عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ، انہوں نے شمالی وزیرستان اور ہنگو میں 10 خوارجی عناصر کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ، محسن نقوی نے قافلے پر حملے کے دوران شہید ہونے والے 6 سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔