عطاء اللہ تارڑ کی وزیر آباد پریس کلب کے وفد کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ پر بریفنگ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر آباد پریس کلب کے ایک وفد نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ (DCD) کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وفد کو ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، ذمہ داریوں اور کام کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز عوام تک بروقت اور درست معلومات پہنچانے کے ساتھ ساتھ مؤثر ابلاغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، حکومت سے متعلق معلومات اور قومی اہمیت کے معاملات کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل ذرائع کا بھرپور استعمال ضروری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گمراہ کن معلومات، پروپیگنڈے اور منفی مہمات کی روک تھام ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ، انہوں نے ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے عوام کو درست اور مستند معلومات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔

وفد کو وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں کیے جانے والے مختلف اقدامات، جاری سرگرمیوں اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا ، وزیر آباد پریس کلب کے وفد نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے میدان میں وزارت اطلاعات کی کاوشوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں قابل تحسین قرار دیا۔