Pakistan Sports Board Capitalnewspoint.com

راولپنڈی میں 4 اکتوبر سے کرکٹ میچز، سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ

راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) راولپنڈی میں 4 اکتوبر سے 30 نومبر تک شیڈول کرکٹ میچز کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس میں کرکٹ میچز کے دوران سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کی آمدورفت سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا ، ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ میچز کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیس اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ مؤثر سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کرکٹ شائقین کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ، انہوں نے کہا کہ میچز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور تمام اہم شاہراہوں پر صورتحال کی مؤثر نگرانی کی جائے۔

کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے سٹیڈیم روڈ اور مری روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کو میچز سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث شہریوں اور شائقین کرکٹ کو مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے ، ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کریں اور میچز کے انعقاد کے دوران کسی بھی ممکنہ مسئلے سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔