مظفرآباد (بیورو رپورٹ): آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے کشمیر کونسل کی چار خالی نشستوں پر انتخابات کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے ، شیڈول کے مطابق امیدواران یکم اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی سیکرٹری الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرا سکیں گے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 2 اکتوبر کو صبح 10 بجے ہوگی، جبکہ کاغذات مسترد ہونے کی صورت میں امیدوار 5 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اپیل دائر کر سکیں گے ، اپیلوں کی سماعت 6 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ہوگی اور اسی روز ان پر فیصلے بھی سنائے جائیں گے ، الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 7 اکتوبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 9 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔
کشمیر کونسل کی چار نشستوں کے لیے پولنگ 12 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ہال میں ہوگی۔ پولنگ کا وقت صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک مقرر کیا گیا ہے ، پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور نتائج کا اعلان بھی فوری طور پر کر دیا جائے گا۔

