باغ (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے جماعتی نظم و ضبط کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے پر باغ سے تعلق رکھنے والے متعدد سینئر رہنماؤں کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیے ہیں ، پارٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی حالیہ انتخابات کے دوران جماعتی ڈسپلن کی خلاف ورزی اور مخالف سیاسی جماعت کی حمایت کرنے کے الزامات کے تناظر میں کی گئی ہے۔
نوٹسز مرکزی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں ، ذرائع کے مطابق تقریباً دو درجن لیگی رہنماؤں کے خلاف کارروائی ضلع تنظیم اور جماعتی ٹکٹ ہولڈرز کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریری رپورٹس کی بنیاد پر شروع کی گئی ، نوٹسز میں متعلقہ رہنماؤں سے سات روز کے اندر اپنی پوزیشن تحریری طور پر واضح کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پارٹی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر تسلی بخش جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں جماعتی قواعد کے مطابق تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے ، جماعتی ڈسپلن کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر بنیادی رکنیت ختم کرنے سمیت دیگر کارروائی بھی زیر غور آ سکتی ہے ، نوٹسز حاصل کرنے والوں میں راجہ نور اکبر خان، راجہ خورشید عالم، صوبیدار عبدالمجید خان، راجہ عبدالحفیظ خان، راجہ محمد ریاض خان، راجہ محمد نیاز صدیق اور راجہ محمد نثار احمد شامل ہیں۔
اسی طرح راجہ عبدالقدیر خان، راجہ خلیق انقلابی، راجہ سعید انقلابی، راجہ شیر ایاز ایڈووکیٹ، راجہ محمد انور خان، قاری جان محمد خان، راجہ گل افسر خان اور سردار محمد صادق خان کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ، فہرست میں رانا عبدالستار خان، راجہ محمد خالد خان، راجہ محمد مشتاق خان، راجہ عبدالوحید خان اور راجہ افتخار احمد کے نام بھی شامل ہیں۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کارروائی میں متعلقہ رہنماؤں کو مقررہ مدت میں اپنا تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد موصول ہونے والی وضاحتوں کی بنیاد پر آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

